لاہور+ شیخوپورہ (نامہ نگاران+ نامہ نگار خصوصی) صوبائی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں گذشتہ ر وز بھی بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ کا سسلہ جاری رہا، کاروبار ٹھپ ہو کر رہ گئے اور لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ گیس کی قلت کے باعث گھروں میں کھانا نہ پک سکا جبکہ کئی علاقوں میں بجلی کے ساتھ پانی بھی غائب رہا جس پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ شیخوپورہ میں صنعتی علاقوں کے مقابلے میں شہری علاقوں میں زیادہ بجلی اور گیس کی لوڈشیدنگ کرنے کے خلاف جنڈیالہ روڈ، چوک نبی پورہ، ہائوسنگ کالونی، سمیت چار مقامات پر سینکڑوں شہری سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرے کئے اور مطالبہ کیا کہ شیخوپورہ میں 12تا14گھنٹوں کی بجلی و گیس لوڈشیڈنگ کا ظالمانہ شیڈول فوری طور پر ختم کیا جائے۔ دریا خان سے نامہ نگار کے مطابق مسلسل دس گھنٹوں سے بجلی کی غیر اعلانیہ بندش پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔کاروبار بند، مساجد میں پانی نایاب ہو گیا۔ ہر ایک گھنٹے کے بعد دو گھنٹوں کیلئے بجلی بند کر دی گئی جس کی وجہ سے مساجد میں پانی نایاب ہو گیا۔ ڈونگہ بونگہ سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بنے رہے۔ پانی کی شدید قلت بھی رہی۔