امریکی مخالفت کے باعث پاکستان ایران گیس منصوبہ قابل عمل نہیں: شاہد خاقان

Jan 31, 2014

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ امریکی مخالفت کے باعث ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ناقابل عمل ہے، حکومت توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لئے متبادل آپشن پر کام کر رہی ہے، قطر سے ایل این جی کی درآمد کے بعد گیس کے بحران میں واضح کمی واقع ہوگی۔ پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ایران، پاکستان گیس پائپ لائن منصوبہ ملک سے توانائی کے بحران کے خاتمے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ تاہم امریکی پابندیوں کے خطرے اور امریکی مخالفت کے باعث پاکستان از خود یہ منصوبہ شروع نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کا بحران حکومت کو ورثہ میں ملا جس کے خاتمے کے لئے حکومت جنگی بنیادوں پر اقدامات اٹھا رہی ہے۔ ’’این این آئی‘‘ سے بات چیت میں وفاقی وزیر پٹرولیم نے کہا کہ ایران گیس پائپ بنانے کے حمایتی ایران پر پابندیوں کو ایک بار پڑھ لیں اور میڈیا والے بھی پابندیوں کا بغور مطالعہ کر کے مسئلہ کو سمجھیں۔ 

مزیدخبریں