واشنگٹن (اے پی پی) امریکہ نے یوکرائن کی لڑائی میں ملوث ہونے کے باعث یورپی یونین کی طرف سے روس پر عائد کی گئی نئی پابندیوں کو خوش آئند قراردیا ہے ۔ امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان جین ساکی نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے وزارئے خارجہ کے اجلاس میں روس پر عائد اقتصادی پابندیوں میں اضافے کا فیصلہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران روس پر عائد اقتصادی پابندیاں ناکافی تھیں ۔ موجودہ حالات کے تناظر میں اقتصادی پابندیوں میں توسیع کا فیصلہ خوش آئند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ برسلز میں وزارئے خارجہ کے اجلاس میں کئے گئے فیصلے سے ظاہر ہوتا ہے کہ اقتصادی پابندیوں کا دائرہ مزید بڑھایا جائے گا جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکا کی طرف سے اقتصادی پابندیوں کا اگلا مرحلہ کب شروع ہوگا اور اس پر کیسے عمل درآمد ہوگا اوراس کا ہدف کون ہوگا اس کے بارے میں پیشنگوئی نہیں کی جاسکتی ۔
امریکہ