سینٹ الیکشن اوپن ہونا چاہئے‘ پیسے لیکر ووٹ دینے والوں کو پارٹی سے نکال دینگے: عمران

Jan 31, 2015

اسلام آباد (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ)  عمران  خان نے کہا ہے سینٹ ووٹنگ خفیہ نہیں بلکہ  کھلے عام ہونی چاہئے کراچی میں تاجروں کو دھمکیوں  کی مذمت کرتے ہیں تاجروں کو دھمکی  ملنا ملک کیخلاف  سازش ہے کہ قوم بتائے  اس وقت ملک میں جمہوریت  ہے یا بادشاہت ہے۔ حکومت نے فوجی عدالتویں کا قیام  عمل میں لا کر اپنی نااہلی  ثابت کر دی،  ملک  میں پٹرول  بحران، بجلی سرچارجز میں اضافہ، امن و امان کی خراب  صورتحال ٹیکس  کی عدم ادائیگی، ملکی  تاریخ میں اس طرح کی کرپٹ اور   نااہل  حکومت  نہیں دیکھی، حکومت پٹرول کی قیمت میں 20 روپے  کی کمی کرکے 58 روپے فی لٹر  لائے، حکومت نے  عوام کے 300 ارب روپے کا خون چوسا ہے،  300  ارب بجلی کی قیمتوں  کے معاملے پر  بھی کمائے۔  جوڈیشل  کمشن کے قیام پر انصاف  کا مذاق بنایا جا رہا ہے، پیر کو الیکشن  کمشن میں پٹیشن دائر کرونگا۔  کمیٹی کے اجلاس  کے بعد بنی گالہ  میں پریس کانفرنس  کرتے ہوئے  انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیسے  والے  لوگ ٹیکس نہیں دیتے اور  سارا ٹیکس عوام سے وصول کیا جاتا ہے۔  بجلی میں پہلے  تیرہ فیصد لائن لاسز تھے جو اب  ساڑھے  اٹھارہ فیصد کر دئیے گئے ہیں۔  پٹرول  پر عوام کو ریلیف  نہیں ملا اور بجلی  سرچارجز  کو بڑھا دیا گیا۔  انہوں نے کہا کہ  یہ پہلی جمہوری حکومت دیکھ رہا ہوں جسے اپنی  عدالتوں پر اعتماد نہیں اور فوجی عدالتیں  بنا دیں جبکہ دہشتگردی کا بھی سارا بوجھ  فوج پر ڈال دیا گیا۔ پہلی مرتبہ ملک میں اتنا بڑا پٹرول بحران آیا اور کسی  بڑے نام نے استعفی  نہیں دیا حالانکہ اس سے اکانومی  کو بڑی حد تک نقصان پہنچا۔  مسلم لیگ (ن)  ترقی  کی بجائے  تنزلی کی جانب جا رہی ہے 2013ء  کے انتخابات میں تمام جماعتوں نے دھاندلی  کا کہا لیکن تحریک انصاف نے دھاندلی  کیخلاف آواز اٹھائی۔  نواز شریف  میرے سوالوں  کا جواب دیں مجھے  درباریوں سے جواب سننے کی ضرورت نہیں ہے پیرکو الیکشن کمشن میں پٹیشن  لے کر جائونگا اور وہاں  پر الیکشن  ٹربیونل  میں انتخابات کے نتائج کے حوالے سے سست روی  پر چیف الیکشن کمشنری جسٹس ریٹائرڈ  سردار رضا خان کو آگاہ کرونگا۔  انہوں  نے  کہا سروے کروا  لیں  خیبر پی  کے اور پنجاب پولیس میں فرق ہے۔  وفد سے گفتگو میں عمران  نے کہا ہے کہ الیکشن 2013 کا آڈٹ  ہماری نہیں ملک کے مستقبل کی ضرورت ہے۔ ملکی حالات کے پیش نظر ہم سڑکوں سے ہٹے ہیں اپنے مطالبات سے نہیں۔ عوام کے مینڈیٹ کو چرانے والے  چور پکڑنے  کے لئے عملی اقدامات نہ کئے گئے تو عوام دوبارہ سڑکوں پر ہوں گے اور پی ٹی آئی اسکی قیادت کرے گی۔  پی ٹی آئی کو کسی ہیوی ویٹ کی ضرورت نہیں کیوں کہ اگلے الیکشن میں جس کے پاس پی ٹی آئی کا ٹکٹ ہو گا وہی عوام کے نزدیک ہیوی ویٹ ہو گا۔ علاوہ ازیں عمران خان پیر کو چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) سردار رضا خان سے ملاقات کریں گے۔

مزیدخبریں