سری نگر (نیٹ نیوز) کشمیر میں برفانی تودے تلے دب کر ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 25 ہوگئی جن میں 20 بھارتی فوجی اہلکار بھی شامل ہیں۔ اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کے ترجمان نے بتایا لائن آف کنٹرول کے قریب برفانی تودے تلے دبنے والے 5 فوجیوں کو دن بھر کی محنت کے بعد زندہ نکال لیا گیا تھا تاہم وہ شدید زخمی تھے لیکن ہسپتال میں چل بسے۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ یہ فوجی لائن آف کنٹرول پر اپنی چوکی کی جانب جارہے تھے جب ان پر برف کا تودہ گر گیا تاہم زندہ نکالے جانے کے باوجود خراب موسم کی وجہ سے انہیں فوری طور پر 140 کلومیٹر دور سری نگر میں واقعہ ہسپتال تک نہیں پہنچایا جاسکا جس کی وجہ سے وہ ہلاک ہوگئے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی لائن آف کنٹرول کے مختلف علاقوں میں بھارتی فورسز کے دو کیمپس اور ایک پٹرولنگ یونٹ پر برفانی تودے گر گئے تھے اور اس میں 15 بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ ہلاک ہونے والے فوجیوں کی لاشیں نکالنے میں دو دن لگے تھے جبکہ تودہ گرنے کے ایک اور واقعہ میں 5 عام شہری بھی ہلاک ہوگئے تھے جن میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل تھے۔ ایک درجن سے زائد رہائشی مکان برفانی تودوں کی زد میں آکر تباہ ٗ 500 سے زائد خاندان محفوظ مقامات پر منتقل کردیئے گئے ٗ سری نگر جموں شاہراہ 5 روز کی بندش کے بعد دوبارہ کھول دی گئی ٗ رام بن کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ سے 200 سے زائد گاڑیاں پھنس گئیں ٗ مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ٗ وادی کے اکثر علاقوں میں برف باری کے باعث بجلی کا نظام درہم برہم ٗ بجلی بحالی کیلئے امدادی کاموں کا آغاز ٗ محکمہ برقیات کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔