لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس کاظم رضا شمسی نے غیرت کے نام پر قتل ہونے والی برطانوی شہری سمیعہ شاہد کے قتل کا ٹرائل اور تفتیش لاہور منتقل کرنے کیلئے دائر درخواست کی سماعت سے معذرت کرلی۔کیس کی سماعت کے دوران مدعی مقدمہ کے وکیل ملک اویس خالد ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ برطانوی شہری سمیعہ شاہد کو اسکے سابق خاوند شکیل نے اپنے باپ کیساتھ ملکر غیرت کے نام پرقتل کر دیا تھا۔ مدعی مقدمہ اور اس کیس کے گواہوں کی جان کو شدید خطرات لاحق ہیں لہٰذا معاملے کی حساسیت اور انصاف کے تقاضوں کے پیش نظر مقدمے کی تفتیش اور ٹرائل لاہور میں منتقل کرنے کا حکم دیا جائے۔ ملزمان کے وکیل نے عدالت سے جواب داخل کرنے کیلئے مزید مہلت کی استدعا کی۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو آ گاہ کیا کہ کیس کی منتقلی کرنا چیف جسٹس کا اختیار ہے جس پر جسٹس کاظم رضا شمسی نے کیس کی سماعت سے معذرت کرتے ہوئے معاملہ مزید سماعت کیلئے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو بھجوا دیا۔