گیس‘ بجلی کی لوڈشیدنگ کے خلاف مظاہرے‘ لاہور میں بوندا باندی

لاہور (سپورٹس رپورٹر + نامہ نگاران) بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ گیس کی لوڈشیڈنگ بھی برقرار رہی جس کے باعث گھروں میں چولہے ٹھنڈے رہے۔ شرقپور اور کمالیہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ لاہور میں گزشتہ روز بونداباندی ہوئی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ نارنگ منڈی میں دھند کے باعث ٹریفک حادثے میں سینئر سول جج سمیت 10 افراد زخمی ہو گئے۔ کمالیہ سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف سینکڑوں شہری ہاتھوں میں سلنڈر اور چولہے لئے سڑکوں پر نکل آئے اور احتجاجی ریلی نکالی۔ شرکاء نے شدید نعرہ بازی کرتے ہوئے کلمہ چوک پہنچ کر روڈ کو بلاک کر دیا۔ نارنگ منڈی اور بدوملہی سے نامہ نگاران کے مطابق شدید دھند کے باعث لاہور نارووال نیو روڈ پر کھنڈے کے قریب گاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث سینئر سول جج ظفروال سمیت دس مسافر زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر سول جج ظفروال شیخ محمد سلیم اور سول جج زبیر احمد اپنی کار پر لاہور سے ظفروال جارہے تھے کہ اسی دوران ڈی ایس پی لیگل نارروال ارشاد احمد گوندل اپنی گاڑی پر نارروال سے لاہور ہائیکورٹ جا رہے تھے کہ کھنڈے کے قریب دونوںگاڑیاں آپس میں ٹکرانے کے باعث سول جج شیخ محمد سلیم شدید زخمی اور ان کے ساتھی سول جج زبیر احمد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ ڈی ایس پی ارشاد احمد گوندل‘ گن مین محمد ریاض اور ڈرائیور ریاض احمد کو معمولی چوٹیں آئیں۔ سینئر سول جج شیخ محمد سلیم کو فوری طورپر طبی امداد کیلئے سرجی میٹ ہسپتال لاہور منتقل کر دیا گیا۔ کوٹ رادھا کشن سے نامہ نگار کے مطابق غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا بھرکس نکال دیا۔ دورانیہ 16 گھنٹے سے بھی تجاوز کر گیا۔ لوگ پینے کے صاف پانی کو ترس گئے۔ شہری پریشان‘ گھروںمیں خواتین کو گھریلو امور خانہ داری میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ شہریوں نے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شہر اور گردونواح میں بجلی کی بدترین اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ دورانیہ 14 گھنٹے سے بڑھ گیا۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے نعرے بازی کی جبکہ شہر کے اندر کاروبار زندگی بری طرح مفلوج ہوگیا۔ گیس پریشر میں نمایاں کمی سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ علاوہ ازیں لاہور اور اس کے گردونواح میں سورج اور بادلوں کے درمیان دن بھر آنکھ مچولی جاری رہی۔ شہر کے مختلف حصوں میں ہلکی بونداباندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران مالاکنڈ‘ ہزارہ‘ پشاور‘ مردان ڈویژن‘ اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ گوجرانوالہ‘ سرگودھا‘ لاہور‘ فیصل آباد ڈویژن میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں دھند پڑی۔ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ صباح نیوز کے مطابق شانگلہ اور مضافاتی علاقوں میں جاری موسم سرما کی تیسری بارش اور برفباری کا سلسلہ بدستور جاری رہا۔ وادی شانگلہ میں ٹھنڈ کا راج برقرار رہا۔ وادی میں سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔ بالائی علاقوں میں لوگ گھروں میں محصور ہو گئے۔

ای پیپر دی نیشن