لاہور ( کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی ملک ندیم کامران نے کہا ہے کہ سی پیک پراجیکٹ نہ صرف صوبہ پنجاب کیلئے منفرد منصوبہ ہے۔ انہوں نے اس امر کااظہار گزشتہ روز محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورپر سیمینار میں خطاب کے دوران کیا ہے۔سیمینار میں صوبائی وزیر انڈسٹریز شیخ علاﺅ الدین، صوبائی وزیر امانت اللہ خان شادی خیل، شیر علی خان،ذکیہ شاہنواز، سیکرٹریز، ممبران پی اینڈ ڈی بورڈ، گورنمنٹ سیکٹر کمپنیوں و ایجنسیوں کے سربراہان اور اکیڈمیا کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ تمام صوبائی انتظامی اداروں کو سی پیک سے متعلقہ تمام معاملات کے فوری حل کیلئے اداروں کی استعداد کار کو مزید تیزی کے ساتھ بروقت آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔ اس ضمن میں اداروں کے باہمی اشتراک و تعاون کے ساتھ ایک جامع مربوط لانگ ٹرم پلان 15 مارچ 2017 سے قبل مرتب کر لیا جائے گا۔