گلگت بلتستان میں 15 کروڑ 12 لاکھ روپے گاڑیوں کاغیر قانونی کرایہ ادا کرنے کا انکشاف

Jan 31, 2017

اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان میں 2006 سے 2009 کے دوران 67 نان کسٹم پیڈ گاڑیوں کے کرائے کی مد میں 15 کروڑ 12 لاکھ روپے غیر قانونی طور پر ادا کئے گئے، کمیٹی نے کرائے کی مد میں ادائیگیوں کو ریگولرائز کرانے کی ہدایت کر دی، گلگت بلتستان میں 5 ارب61 کروڑ کی ترقیاتی گرانٹ خرچ نہ ہونے کا انکشاف بھی کیا گیا، سیکرٹری امور کشمیر نے وفاقی حکومت کو گلگت بلتستان کے لئے مالی سال کی ہیئت جولائی سے جون کی بجائے جنوری سے دسمبر کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ موسمیاتی معاملات کی وجہ سے گلگت بلتستان میں ترقیاتی کام کی رفتار ملک کے دیگر حصوں کی نسبت انتہائی سست ہوتی ہے جس سے ترقیاتی فنڈز مکمل طور پر استعمال نہیں کئے جا سکے۔ گلگت بلتستان میں مالی سال کی ہیئت کی تبدیلی کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے عارف علوی کا کہنا تھا کہ کسی ایک علاقے کی وجہ سے مالی سال میں تبدیلی تو نہیں کی جا سکتی۔ آڈٹ حکام کی جانب سے کمیٹی کو بتایا پورے ملک میں گندم 33 روپے فی کلو جب کہ گلگت بلتستان میں 11 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت ہو رہی ہے۔ قیمت میں فرق کا سارا بوجھ وفاقی حکومت برداشت کر رہی ہے۔

مزیدخبریں