لاہور(نیوزرپورٹر)صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا امانت اللہ خان شادی خیل نے کہا ہے کہ نہری پانی کی سپلائی کا انتظام بہتر بنانے کی غرض سے بیراجوں کی بحالی کے مختلف منصوبہ جات پر تیزی سے کام جاری ہے۔ ان بیراجوں کی بحالی و تعمیر نو سے نہری پانی کی سٹوریج و سپلائی کے موثر انتظام میں خاطر خواہ بہتری آئے گی اور ہمارا نہری ڈھانچہ آئندہ سو سال کے لئے خدمات زیادہ بہتر انداز سے سر انجام دے گا۔ یہ بات انہوں نے اپنے دفتر میں کسانوں کے نمائندہ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی۔ وفد کی قیادت پراگریسو فارمر آصف خان نیازی کر رہے تھے۔
اس موقع پر وفد کی جانب سے صوبائی وزیر کو پنجاب میں کسانوںکے آبی تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کسان وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نہری اصلاحات کے جامع پروگرام پر عمل درآمد کر رہی ہے جس کے تحت صوبہ بھر کے بیراجوں کی بحالی پر خاطر خواہ ترقیاتی کام کروائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ بیراجوں کی بحالی کے لئے محکمہ آبپاشی میں پراجیکٹ مینجمنٹ آفس قائم کیا گیا ہے جس کے تحت نیوخانکی بیراج کی بحالی کے 60 فیصد سے زائد کام مکمل کر لئے گئے ہیں ۔ اسی طرح تریموں بیراج پر 50 فیصد سے زائد سول ورکس مکمل کے لئے گئے ہیں جب کہ بقیہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں ۔