کراچی(خصوصی رپورٹر) موریشس کے ہائی کمشنر راشد علی صوبے دار نے منگل کو آرٹس کونسل میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ سے ملاقات کی اور کہا کہ موریشس حکومت اردو سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے جس کے لئے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی سے فنی تعاون درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ موریشس حکومت نے ملک میں مختلف زبانوں کے مراکز قائم کئے ہیں اردو مرکز کے قیام کے لئے بھی حکومت نے زمین مہیا کردی ہے تاہم مرکز کے قیام کے لئے ہمیں ماہرین کی فنی خدمات کی ضرورت ہے تاکہ یہ اردو مرکز بین الاقوامی معیار پر قائم کیا جائے۔ موریشس ہائی کمشنر نے کہا کہ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی متاثر کن کارکردگی خصوصاً عالمی اردو کانفرنس کی کامیابی اور بین الاقوامی شہرت سے متاثر ہوکر موریشس حکومت کی خواہش ہے کہ آرٹس کونسل اس حوالے سے ہمارے ساتھ اردو مرکز کے قیام کے لئے تعاون کرے۔ اس حوالے سے آرٹس کونسل کراچی سے اردو میں پہلے ڈرامے اور کلچر وفود کے تبادلے بھی کئے جائیں گے۔ آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر محمد احمد شاہ نے موریشس کے ہائی کمشنر کو آرٹس کونسل میں خوش آمدید کہتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا اور گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موریشس حکومت ہماری قومی زبان کا مرکز قائم کررہی ہے۔
موریشس میں اردو سینٹر قائم کرینگے‘ آرٹس کونسل تعاون کرے: ہائی کمشنر
Jan 31, 2018