سی پیک پر تنازعات کا حل چاہتے ہیں: جسٹس ثاقب نثار، تمام چیف جسٹس صاحبان کو آئندہ ہفتے بلا لیا

اسلام آباد (صباح نیوز+ این این آئی) عدالت عظمیٰ نے پنجاب میں لائم سٹون کی ایکسپورٹ کے حوالے سے جواب طلب کرتے ہوئے چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق کا مکمل پروفائل آج پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے کہا ہے کہ سی پیک تنازعات کے حل کیلئے تمام ہائیکورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کا اجلاس بلایا ہے جو آئندہ ہفتے کے روز ہوگا جس میں پالیسی طے کرینگے کہ سی پیک تنازعات کو کیسے حل کرنا ہے۔ چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کٹاس راج مندر کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت نے متفرق جواب داخل نہ کرنے پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عاصمہ حامد کو ایک ہزار جرمانہ کردیا اور چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق کا مکمل پروفائل آج (بدھ کو) پیش کرنے کی ہدایت کردی۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ صدیق الفاروق نے کتنا عرصہ مسلم لیگ (ن) کے دفتر میں کام کیا۔ کتنا عرصہ اے پی پی میں کام کرتے رہے؟ یہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کیسے رہ سکتے ہیں۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ یہ تقرری سیاسی اقرباپروری پر ہوئی ہے ۔ ہم صدیق الفاروق کو نوٹس جاری کر رہے ہیں۔ وزیراعظم کی منشا سے یہ کب تک بطور چیئرمین بیٹھے رہیں گے۔ چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ حکومت کے پالیسی معاملات میں مداخلت نہیں کرتے لیکن بتایا جائے کہ سیمنٹ فیکٹریوں نے اپنے پیداوار کیسے بڑھا دی۔ حکام کو یہ بتا دوں مفاد عامہ اور بنیادی حقوق کے معاملات نمٹا کر جائونگا، کٹاس راج مندر مکمل طور پر بحال کیا جائے، سیمنٹ فیکٹریاں اپنے پانی کا بندوبست خود کریں۔ فیکٹریوں کی وجہ سے ماحولیاتی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہاکہ صدیق الفاروق بطور چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ کیسے بیٹھے ہیں، ان کے عہدے کی میعاد ختم ہوچکی ہے۔ اس دوران وکیل متروکہ وقف املاک اکرام چوھدری نے بتایا کہ صدیق الفاروق کی تقرری کا معاملہ ہائیکورٹ میں زیر التوا ہے، چیف جسٹس نے کہاکہ ہم کسی زیر التوا عدالتی کارروائی کے پابند نہیں۔ سیمنٹ فیکٹریاں پہاڑ کھود رہی ہیں تاہم ملکی ضرورت اور سی پیک کو بھی دیکھنا ہے ہم صنعتی ترقی میں مداخلت نہیں کرنا چاہتے لیکن یہ نہیں ہونا چاہئے کہ فیکٹریاں ماحولیاتی مسائل پیدا کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ بنیادی حقوق کو یقینی بنانا پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہے۔ عدالت نے کٹاس راج مندر از خود نوٹس کیس کی سماعت ملتوی کرتے ہوئے حکم میں قرار دیا کہ سیمنٹ فیکٹریوں کے ٹیوب ویلوں سے علاقے میں پانی کی قلت ہورہی ہے اسلئے تمام سیمنٹ فیکٹریاں اپنے پانی کا بندوبست کریں۔ عدالت نے پنجاب میں لائم سٹون کی ایکسپورٹ کے حوالے سے جواب بھی پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے کٹاس راج مندر کا تالاب بحال نہ کرنے پر پنجاب حکومت کو ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کردیا۔

ای پیپر دی نیشن