شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی+ نمائندہ نوائے وقت) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر وسابق وفاقی وزیر قمر الزمان کائرہ نے کہا نواز شریف ملک میں فاشسٹ سیاست کررہے ہیں، انہیں معلوم ہے کہ وہ جلد جیل جائینگے اور انکی جائیداد ضبط ہوجائیگی اس لیے وہ، انکی بیٹی عدالت کو گالیاں دے رہے ہیں۔ طاقتور شخص اگر عدالت کو گالی دے گا تو ہر مجرم عدالت کو برا بھلا کہے گا۔ نواز شریف قوم کو تصادم کی راہ پر لیجارہے ہیں۔ شریف خاندان کی ملکی ترقی صرف اور صرف دکھاوے کی ہے، سڑکیں، پل، میٹرو بس اور ٹرین چلانے سے ترقی نہیں ہوتی، نواز شریف کے دور میں ملکی صنعتیں بند ہورہی ہیں بیروزگاری بڑھ رہی ہے ادارے تباہی کی طرف جارہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے ضلعی سینئر نائب صدر چودھری خالق عزیز مت ورک کے صاحبزادے حافظ ارسلان خالق ایڈووکیٹ کی دعوت ولیمہ کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے کیا اس موقع پر چودھری اسلم گل، سابق ارکان صوبائی اسمبلی رائے شاہجہان بھٹی ،جاوید بھٹی ، ڈویژنل جنرل سیکرٹری حاجی فلک شیر، ضلعی صدر ملک جاوید اکبر ڈوگر، سابق ضلعی صدر محمد آصف خان ، سٹی صدر سید ندیم عباس کاطمی ، جمشید ہیرا، حاجی محمد یاسین کرمانوالے،سید عمران ہاشمی ،امجد شکیل راہی ، چودھری لطیف احسن پنوں ،سید شاہد عبا س کاظمی ،مرزا ہارون الرشید بیگ ودیگر بھی موجود تھے۔ انہوںنے کہاکہ پیپلزپارٹی کسی غیر جمہوری عمل کا حصہ نہیں بنی بلوچستان میں تبدیلی جمہوری عمل سے ہوئی پیپلزپارٹی کی بدولت جمہوریت بحال ہوئی ہم نے جمہوریت کے پودے کو خون کے نذرانے دیکر آج تناور درخت بنادیا ہے پیپلزپارٹی کمزور ہوسکتی ہے ختم نہیں ہوسکتی۔