لاہور (اپنے نامہ نگار سے+نامہ نگار) سابق کرکٹر سعید انور کے بہنوئی کے اغوا کا مقدمہ درج نہ ہونے پر مغوی کی بیوی‘ سعید انور کی بہن نے سیشن کورٹ میں اندراج مقدمہ کی درخواست دائر کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج شیخ توثیر رحمان نے سابق کرکٹر سعید انور کی بہن شکیلہ انور کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ گزشتہ چند روز سے اس کا شوہر لاپتہ ہے۔ پولیس مقدمہ درج نہیں کر رہی۔ عدالت شوہر کے اغوا کا مقدمہ درج کرنے کا حکم جاری کرے۔ پولیس کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا کہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے جس پر عدالت نے تھانہ جنوبی چھائونی پولیس سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔تھانہ جنوبی چھائونی پولیس نے سابق ٹیسٹ کرکٹر سعید انور کے بہنوئی اسد منیر کے اغواء کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔ اسد منیر کی بیوی شکیلہ انور کی مدعیت میں مقدمہ 25 نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے۔
شوہر لاپتہ ہے‘ مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا سابق کرکٹر سعید انور کی بہن کی عدالت میں درخواست‘ اندراج کر لیا: پولیس‘ رپورٹ طلب
Jan 31, 2018