ملتان + جہانیاں (صباح نیوز + آن لائن) ملتان میں سیزنل انفلوائنزا سے مزید 3 مریض جبکہ خانیوال میں 2 سگے بائی جاں بحق، تیسرا نشتر ہسپتال ملتان داخل، ملتان میں سیزنل انفلوائنزا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 44 ہو گئی۔ ترجمان محکمہ صحت ملتان ڈاکٹر عطاء الرحمان کے مطابق گزشتہ روز نشتر ہسپتال میں زیر علاج سیزنل انفلوائنزا کے مزید 3 مریض انتقال کر گئے، انتقال کرنے والوں میں خانیوال کی 20 سالہ حسینہ، ملتان کی 50 سالہ رشیدہ اور لیہ کا رہائشی 53 سالہ کرامت شامل ہیں۔ ملتان میں 15 دسمبر سے اب تک سیزنل انفلوائنزا سے متاثرہ 44 افراد کا انتقال ہو چکا ہے۔ جہانیاں سے آن لائن کے مطابق خانیوال میں سیزنل انفلوائنزا کے باعث فضل کالونی کے دو سگے بھائی 22 سالہ وسیم اور 17 سالہ مبین کی موت ہو چکی ہے جبکہ تیسرا بھائی فہیم علاج کے لئے نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جا چکا ہے۔
موسمی انفلوائنزا، ملتان میں مزید 3 مریض: خانیوال میں 2 سگے بھائی جاں بحق، تیسرا نشتر ہسپتال داخل
Jan 31, 2018