وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وسیلہ تعلیم پروگرام کی 50 اضلاع تک توسیع کی خوشی ہے.وسیلہ تعلیم پروگرام کا اجرا حکومت کے تعلیم کے فروغ کے عزم کا اظہار ہے،تعلیم کے فروغ کے بغیر غربت کا خاتمہ ممکن نہیں۔بدھ کو بی آئی ایس پی کے وسیلہ تعلیم پروگرام میں توسیع کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ تعلیم کے بغیر ملک غربت کے خاتمے کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ وسیلہ تعلیم پروگرام بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم دینے کے لئے ہے، ہم ناصرف تمام بچوں کو تعلیم بلکہ معیاری تعلیم فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نادار اور مستحق طبقے کو بھی تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ترجیح ہے، پروگرام سے گریجویٹ پیدا کرنا ہمارا ہدف ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے لئے ہر شخص کو انفرادی طور پر بھی کردار ادا کرنا چاہیے، بچوں کی تعلیم کے بغیر کوئی ملک ترقی نہیں کر سکتا، کسی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں دیکھنا چاہتے، اسلام میں بھی تعلیم کی اہمیت اور حصول پر زور دیا گیا۔تقریب کے دوران شاہد خاقان عباسی نے بہترین کارکردگی کے حامل طلبہ میں انعامات تقسیم کئے۔