کوہلو : ایف سی کی آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی، دہشت گردی کی کوشش ناکام

بلوچستان کے ضلع کوہلو میں ایف سی نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی کوشش کو ناکام بنادیا ہے۔رات گئے ضلع کوہلو کی تحصیل ماوند میں ایف سی نے آپریشن ردالفساد کے تحت کارروائی کی، کارروائی حساس ادارے کی اطلاع پر کی گئی، جس کے نتیجے میں چھتیس کلو بارود سمیت آرپی جی، ڈیٹونیٹر اور دیگر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔گزشتہ روز بھی ایف سی بلوچستان نے کامیاب کارروائیاں کرتے ہوئے 10 دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ایف سی بلوچستان نے ڈیرہ بگٹی اور ڈیرہ مراد جمالی میں کارروائیاں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔اس سے قبل 25 جنوری کو ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاعات پر آپریشنز کرتے ہوئے 20 مشتبہ دہشتگردوں کو گرفتار کیا تھا۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ و بارود برآمد کیا گیا تھا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ایف سی بلوچستان نے آپریشنز ڈیرہ مراد جمالی، پشتون آباد، سنگان، شاہ رگ میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر کیے تھے۔آئی ایس پی آر کے مطابق برآمد کیے گئے اسلحے میں دھماکا خیز مواد، گرنیڈ، آئی ای ڈیز اور مواصلاتی آلات شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن