ایمرجنسی سروس میں بھرتی پر پابندی ختم کرنیکا فیصلہ‘ عوام کا تحفظ بنیادی ذمہ داری ہے : عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس میں ریسکیو 1122 میں مزید توسیع کے پروگرام کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حادثات یا قدرتی آفات میں ریسکیو 1122 کا فوری رسپانس بہت اہمیت کا حامل ہے اور کسی بھی ناگہانی آفت یا حادثے میں شہریوں کو ایمرجنسی سروسز فراہم کرنا ریسکیو 1122 کا اولین فرض ہے۔ ریسکیو 1122 پیشہ ورانہ انداز سے اس ذمہ داری کو نبھا رہی ہے اور پنجاب حکومت ریسکیو 1122 کا دائرہ کار مزید بڑھا رہی ہے جس سے دور دراز کے علاقوں کو بھی یہ سروس مہیا ہو گی۔ پنجاب ایمرجنسی سروس میں بھرتیوں پر پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا کیونکہ اس ایمرجنسی سروس کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لئے ہیومن ریسورس کی ضرورت ہے۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ اس ضمن میں فوری طورپر سمری تیار کر کے بھجوائی جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس کے ملازمین کے ایمرجنسی الاو¿نس میں اضافہ بھی کرنے کا فیصلہ گیا ہے تاکہ یہ ملازمین زیادہ جانفشانی او رمحنت کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے سمری وزیراعلیٰ آفس بھجوائی جائے۔ تحصیل یا سب تحصیل کی سطح پر ریسکیو 1122 کے تیار سنٹرز کو فوری فنکشنل کیا جائے گا۔ ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس اس حوالے سے فوری اقدامات کر کے تیار سنٹرز کی تفصیلات پیش کریں اور حکومت ان سنٹرز کو فوری فنکشنل کرنے کے لئے ہر طرح کی معاونت مہیا کرے گی۔ وزیراعلی نے ریسکیو سکاو¿ٹ ٹریننگ کا پروگرام کالجوں میں شروع کرنے کی بھی منظوری دی اور ہدایت کی کہ اس پروگرام کا اگلے 2ماہ کے اندر آغاز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے صوبے میں ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے لئے جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ ہیلی کاپٹر ایمبولینس سروس شروع کرنے کے حوالے سے ہر پہلو کو مد نظر رکھ کر پلان تیار کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس بھی اگلے ماہ طلب کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 8برس سے پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس نہ ہونا افسوسناک ہے اور سابق حکومت نے پنجاب ایمرجنسی کونسل کا اجلاس نہ بلا کر ایمرجنسی سروس کے ساتھ غلط رویہ اپنایا۔ ریسکیو 1122 ایمرجنسی کا کام کررہی ہے، ان کے کام میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔ پنجاب ایمرجنسی سروس کے دیگر ایشوز کو بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ حادثات اور قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے ریسکیو 1122کو ہر طرح کا تعاون فراہم کریں گے۔ تحریک انصاف کی حکومت حادثات اور قدرتی آفات میں عوام کا تحفظ اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ ڈی جی پنجاب ایمرجنسی سروس ڈاکٹر رضوان نصیر نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے سینئر صحافی راجہ اورنگ زیب کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
عثمان بزدار

ای پیپر دی نیشن