لاہور(این این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حزب اختلاف پارلیمنٹ میں صرف نیب کی بات کرتی ہے جبکہ اسے عوام کو درپیش مسائل سے کوئی سروکار نہیں، پارلیمنٹ اور موجودہ حکومت کے رہنماﺅں کااحترام ہرقیمت پر برقرار رہنا چاہیے۔ نجی ٹی وی کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کے کرپٹ لیڈر حکومت سے این آر او چاہتے ہیں۔ حزب اختلاف نے پارلیمنٹ میں ہمیشہ قومی احتساب بیورو کے بارے میں بات کی مگرانہوں نے کراچی میں پانی کے مسئلے، بےروزگاری اور عوام کو درپیش دیگرمسائل کے بارے میں بات چیت کی ہرگز پروا نہیں کی۔انہوں نے اٹھارہویں ترمیم کے بارے میں سوال کے جواب میں کہا کہ قوانین پرنظرثانی کی ضرورت ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نظام میں تبدیلی کی خواہاں ہے جہاں امیروں اورغریبوں کے لئے انصاف کی یکساں فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے۔ علاوہ ازیں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری سے چینی سفیر نے ملاقات کی نجی ٹی وی کے مطابق چینی سفیر نے فلم و ثقافت کے فروغ کیلئے وزیر اطلاعات کی کاوشوں کو سراہا انہوں نے کہا پاکستان کی جانب سے نیا ویزا رجیم محفوظ، بااعتماد پاکستان کا مظہر ہے۔ پی ٹی آئی حکومت چین کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو مثبت انداز میں آگے بڑھا رہی ہے رواں سال پاکستانی فلموں کی چینی سنیما گھروں میں نمائش کی جا رہی ہے پاکستان نویں انٹرنیشنل بیجنگ فلم فیسٹیول میں شرکت کریگا۔
فواد چودھری