بلوچستان، دہشت گرد حملوں میں افغانستان ملوث ہے: صوبائی وزیر داخلہ

Jan 31, 2019

کوئٹہ (بیورو رپورٹ) صوبائی وزیرداخلہ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گرد حملوں میں ہمسایہ ملک افغانستان ملوث ہے ہم انہیں پھول بھیج رہے ہیں جبکہ وہاں سے ہمارے لئے بم بھیجے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں،دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔یہ بات انہوں نے بدھ کو لورالائی میں ڈی آئی جی کمپلیکس پردہشت گردوں کے حملے میںشہید ہونے والے پولیس اہلکاروںکی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے نوجوانوں نے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر تے ہوئے سیکڑوں شہریوں کی جان بچاکر محکمہ پولیس کا سر فخر سے بلند کر دیاہمیں اپنے شہدا پر فخر ہے اورانہیں سلام پیش کرتے ہیں ۔میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ پاکستان اوراسلام کے دشمن پاکستان ا ور بلوچستان کو ترقی یافتہ اور پرامن نہیں دیکھنا چاہتے اور بلوچستان میں امن کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں لیکن ہم دہشت گردوںکو انکے مذموم مقاصد میںہرگز کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور بم دھماکوں میں ہمسایہ ملک افغانستان ملوث ہے انہوں نے ہماری خدمات کا صلہ یہ دیا ہے ہم انہیں پھول بھیج رہے ہیں اور وہاںسے ہمارے لئے بم بھیجے جارہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔میر ضیاءاللہ لانگو نے کہا کہ دہشت گردوں اور ملک دشمن عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ملک کے دفاع کیلئے اپنی جانوںکے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج ،ایف سی ،پولیس ،لیویزاوردیگرقانون نافذکرنے والے اداروں کے اہلکار ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانی رائیگاں نہیں جائے گی۔
وزیر داخلہ

مزیدخبریں