راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی) تحریک پاکستان میں علماء نے بے مثال قربانیاں پیش کیں۔قیام پاکستان میں انکا بہت اہم کردار ہے۔اسلامی اقدار کے فروغ میں علماء نے بنیادی کردار ادا کیا ہے۔ان خیالات کا اظہار ممتاز مذہبی رہنماء مفتی گلزار احمد نعیمی سربراہ جماعت اہل حرم پاکستان نے اٹک میں علماء سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی معاشرے کی یہ خوبصورت روایات علماء کے دم قدم سے ہیں.انہوں نے علماء پر زور دیا کہ وہ معاشرتی برائیوں کے قلع قمع کے لیے اصلاحی بیانات کو اپنے خطابات کا حصہ بنائیں۔مسجد اسلامی معاشرے کا بہت مضبوط ستون ہے۔عقائد اور عبادات کی اصلاح کیلئے یہ بہت بہترین پلیٹ فارم ہے.ان کامزید کہنا تھا کہ تفرقہ بازی نے اہل اسلام کی طاقت کو کمزور کیا ہے۔پاکستان میں پھیلتی ہو لادینیت کو روکنے کے لیے علماء کو متحد ہونا ہوگا۔اسلام دشمن قوتیں اس پیارے وطن کو ایک سیکولر ریاست کی طرف لے جانا چاہتی ہیں مگر علماء ایسا نہیں ہونے دیں گے۔انہوں نے لورالائی خود کش حملے کی بھرپور مذمت کی اور کہا ہمارے سیکورٹی کے ادارے چوکس ہیں اور وطن عزیز کی حفاظت کے لیے ہر قربانی دے رہے ہیں۔
تفرقہ بازی نے اہل اسلام کی طاقت کو کمزور کیا ، گلزار احمد نعیمی
Jan 31, 2019