پاکستان وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے میر واعظ عمر فاروق سے ٹیلی فون پر رابطے پر بھارت کی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیر یوں کی جدو جہد کی حمایت جاری رکھے گا،پاکستان کی قیادت کشمیری قیادت کے ساتھ ہمیشہ سے رابطے کرتی رہی ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے ۔ جمعرات کو دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا کہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تصفیہ طلب تنازعہ جس کا اقوام متحدہ سکیورٹی کونسل کی قراردادوں سمیت شملہ ایگریمنٹ اور لاہور ڈیکلریشن جیسے متعدد پاکستان بھارت معاہدوں میں اقرار کیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ مسئلہ کشمیر یو این سکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ابھی بھی موجود ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جائز جد وجہد کو دہشت گردی کا تاثر دینے کی بھارتی کوشش کو واضع مسترد کرتا ہے۔ یہ بھارت کا سراسر گمراہ کن اقدام ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان مقبوضہ جموں اور کشمیر کے عوام کی سیاسی سفارتی اور اخلاقی حمایت کرنے میں پرعزم ہے۔ پاکستان کی قیادت کشمیری قیادت کے ساتھ ہمیشہ سے رابطے کرتی رہی ہے یہ کوئی نئی بات نہیں ہے۔انہوںنے کہاکہ پاکستان اپنی حمایت اور یکجہتی جاری رکھے گا جب تک مسئلہ کشمیر پرامن انداز میں اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل کی قراردادوں اور جموں کشمیر کے لوگوں کی خواہشات کے تحت حل نہیں ہو جاتا۔