بھارت اپنے ملک میں الیکشن لڑے ہمیں نہ گھسیٹے،پاکستان ہر حال میں کشمیریوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا:ترجمان دفتر خارجہ

Jan 31, 2019 | 14:01

ویب ڈیسک

ترجمان دفتر خارجہ  ڈاکٹر محمد فیصل نے دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کی طلبی کو بھارتی انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش قرار دیتے ہوئے نریندر مودی حکومت کو خبردار کیا کہ بھارتی الیکشن میں پاکستان کو نہ گھسیٹا جائے،  پاکستان نے اپنے ہائی کمشنر کی طلبی پر  بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، آسیہ بی بی  پاکستان میں ہیں  ، اگر وہ باہر جانا چاہیں تو جا سکتی ہیں،آسیہ بی بی کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ لاگو ہو گا۔ انہوں نے ہفتہ وار بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا اور کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ٹیلی فونک بات چیت پر اعتراض اٹھایا۔ انہوں  نے کہا کہ بھارت کے ان اعتراضات کو مسترد کرتے ہیں، پاکستان نے اپنے ہائی کمشنر کی طلبی پر  بھارتی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے واضح کردیا کہ پاکستان ہر حال میں کشمیریوں کی مسلسل حمایت جاری رکھے گا  جب کہ افغان سرحد پر داعش کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں پر پاکستان کو تشویش ہے۔۔ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر ایک متنازعہ علاقہ ہے اور نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر کو طلب کیا جانا بھارتی الیکشن پر اثر انداز ہونے کی کوشش ہے، بھارت اپنا الیکشن اپنے ملک میں لڑے، پاکستان کو اس میں نہ گھسیٹے۔ترجمان دفتر خارجہ نے طالبان امریکا مذاکرات کے بارے میں کہا کہ ملا عبدالغنی برادر قطر کے دارالحکومت دو حا میں طالبان کے مرکزی دفتر کے سربراہ مقرر ہوئے ہیں، طالبان اور افغان حکومت کے درمیان معاملات ان کے اپنے ہیں، امید ہے کہ یہ ملکر اپنے مسائل حل کرلیں گے۔ انہوں  نے امریکی انٹیلی جنس کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کے الزامات کو مسترد ہوئے کہا کہ ایسے الزامات والے بیانات نقصان کا باعث بنتے ہیں تاہم بھارت، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔آسیہ بی بی سے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آسیہ بی بی اس وقت پاکستان میں ہیں لیکن اگر وہ باہر جانا چاہیں تو جا سکتی ہیں۔ آسیہ بی بی کے معاملے پر سپریم کورٹ کا فیصلہ لاگو ہو گا۔سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کا دورہ انتہائی اہم ہے اس کے بارے میں جلد تفصیلات جاری کر دیں گے جب کہ وزیر اعظم کا طور خم کی سرحد کو 24 گھنٹے کھولنے کا فیصلہ باہمی تجارت میں اضافہ کے لیے ہے۔

مزیدخبریں