لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیر اہتمام جاری 57 ویں نیشنل بیڈ منٹن چیمپئن شپ 2020ء ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل ماحور شہزاد اور پلواشہ بشیر نے جبکہ مکسڈ ڈبلز کا ٹائٹل جنید جاوید اور فرزانہ علی نے حریف کھلاڑیوں کو شکست دیکر اپنے نام کیا۔ واپڈا سپورٹس کمپلیکس میں جاری چیمپئن شپ میں گذشتہ روز ویمنز ڈبلز کے فائنل میں ماحور شہزاد اور پلواشہ بشیر پر مشتمل جوڑی نے غزالہ صدیق اور زبیرا اسلام کو شکست دیکر چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کیا۔ مکسڈ ڈبلز میں جنید جاوید اور فرزانہ علی پر مشتمل جوڑی نے ایم علی لاروش اور غزالہ صدیق پر مشتمل جوڑی کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آج مینز سنگلز کے فائنل میں نیشنل بنک کے مراد علی کا مقابلہ واپڈا کے عرفان سعید سے ہوگا جبکہ ویمنز سنگلز کے فائنل میں واپڈا کی ماحور شہزاد اور غزالہ صدیق ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی۔ چیمپئن شپ کے مینز ڈبلز میں نیشنل بنک کے رضوان اعظم اور سوئی گیس کے نعمان صابر پر مشتمل جوڑی کا مقابلہ واپڈا کے اویس زاہد اور ایم علی لاروش سے ہوگا۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکرٹری خالد محمود ہونگے۔
نیشنل بیڈ منٹن چیمپئن شپ‘ویمنز ڈبلزٹائٹل ماحور شہزاد‘پلواشہ بشیر کے نام
Jan 31, 2020