اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)ترجمان وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافے کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب وزیر اعظم نہ صرف ہر ممکنہ طریقے سے حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کی مہم چلا رہے ہیں اور جس کا آغاز انہوں نے اپنی ذات سے کیا ایسی بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر نہایت افسوس ناک ہے ترجمان نے کہا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر کابینہ کے حالیہ اجلاس میں صدر اور وزیر اعظم کی تنخواہوں اور مراعات میں ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اب صدر اور وزیر اعظم کے لیے صرف ایک رہائشگاہ کو کیمپ آفس کا درجہ دیا جا سکے گا۔ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی کہ ماضی کی روش کی بجائے کیمپ آفسز میں ہونے والے اخراجات کی بھی ایک حد مقرر کی جائے۔وزیر اعظم نے کہا کہ سربراہان حکومت پر اٹھنے والے اخراجات عوام کی خون پسینے کی کمائی سے پورے کیے جاتے ہیں لہذا کوشش کی جائے کہ یہ اخراجات کم سے کم سطح پر لائے جا سکیں ۔