لاہور (نیوز رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر کی پنجاب اسمبلی طلبی کے معاملے پر اپوزیشن کے پراپیگنڈے کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ وزیراعلیٰ آفس اس حوالے سے کسی بھی طرح کی تحقیقات نہیں کر رہا۔ انتظامی افسروں اور آئی جی کی پنجاب اسمبلی طلبی معمول کی کارروائی ہے۔ ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی جی پنجاب کو اسمبلی طلب کرنے کے حوالے سے اپوزیشن جماعتیں بے بنیاد اور منفی پراپیگنڈا کر رہی ہیں۔ ن لیگ کی جانب سے حکومت اور اتحادی جماعتوں میں دراڑیں ڈالنے کی سازش ہمیشہ کی طرح ناکام ہو گی وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر تمام اتحادیوں کا مکمل اتفاق ہے۔ مسلم لیگ ن کا سیل ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنی پارٹی کا بکھرتا ہوا شیرازہ نہیں بچا سکتا۔ پنجاب حکومت بے بنیاد خبر نشر کرنے والے ٹی وی چینلز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔