اسلام آباد (نیوزڈیسک) پاکستان اور یوکرائن ادبی اور ثقافتی سطح پر روابط کو مستحکم بنائیں گے اور مختلف ادبی ثقافتی منصوبوں پر کام کریں گے۔ یہ بات انعام اللہ خان وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن نے پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادیمیر لکوموف سے اپنے دفتر میں ملاقات کے موقع پر کہی۔ پاکستان میں یوکرائن کے سفیر ولادیمیرلکوموف نے کہا کہ پاکستان اور یوکرائن کے درمیان بہت سی ثقافتی مماثلت پائی جاتی ہے۔ یوکرائن عوامی اور ثقافتی سطح پر درطرفہ تعاون میں دلچسپی رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ ثقافتی روابط بڑھانے کے لیے ادبی سطح پر ایک منصوبے کا آغاز کر رہے ہیں۔ اس ادبی ثقافتی منصوبے کا نام "ڈاکٹر محمد اقبال اور ترس شوچینکو" رکھا ہے۔ یہ پاکستان اور یوکرائن کے قومی شاعروں کے نام وقف کیا جائے گا۔ اس منصوبے میں دونوں شعراء کے اشعار اور فلسفہ کو تراجم کے ذریعہ اجاگر کیا جائے گا۔ وفاقی سیکرٹری قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویڑن انعام اللہ خان نے پاکستان اور یوکرائن کے قومی شاعروں کے حوالے سے منصوبے کا خیر مقدم کیا اور ڈویڑن کی طرف سے ہر ممکنہ تعاون کی پیشکش کی۔ اس موقع پر سیکنڈ سیکرٹری برائے ثقافت و انسان دوستی ڈاکٹراولینابورڈیلووسکایا موجود تھیں۔
پاکستان ،یوکرائن کے درمیان ثقافتی مماثلت پائی جاتی ہے،سفیر
Jan 31, 2020