اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی راولپنڈی ڈویژن خرم پرویز راجہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے جہاں اس امر کو تسلیم کیا ہے کہ انہیں مہنگائی اور عوامی مسائل کے حوالے سے مسِ گائیڈ کیا جاتا رہا ہے وہیں وزیراعظم کو اس گمراہ کن مافیا کے بارے بھی عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے، عمران خان کواس مافیا اور دوستوں کے گٹھ جوڑ کے بارے بھی بتانے کی ضرورت ہے جو ان کے جہازوں کے کرائے اور کچن کے اخراجات چلاتے رہیں ہیں اور غذائی اجناس کی قلت اور مہنگائی سے فائدے سمیٹنے کے خواہشمند ہیں ۔ پیپلز پارٹی سنٹرل سیکرٹریٹ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو بتانا ہوگا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں حکومتی ٹیم نے کن کن شعبوں میں معاشی اصلاحات سے عوامی ریلیف کو یقینی بنایا ہے، حکومتی عہدیدار ایک طرف معاشی اصلاحات اور گڈ گورننس کے تو دعویدار ہیں لیکن زمینی حقائق بہت تلخ ہیں جس کا اظہار وزیراعظم عمران خان اپنے حالیہ بیان میں کر چکے ہیں کہ انہیں مہنگائی اوراصلاحات کے ثمرات کے حوالے سے مسِ گائیڈ کیا جاتا رہا ہے۔ خرم پرویز راجہ نے کہا ہے کہ انقلابی ایجنڈے کے دعویدار ملکی حالات کی سنگینی سے ناآشنا ہے۔