نوبل امن انعام پانے والوں کی کانفرنس رواں برس العلاء میں ہو گی

Jan 31, 2020 | 11:12

ویب ڈیسک

عالمی سطح پر فروغ امن کے لیے خدمات کے اعتراف میں نوبل انعام حاصل کرنے والی عالمی شخصیات کی سالانہ کانفرنس رواں سال سعودی عرب کے شہر العلا میں منعقد ہو گی۔ العلا میں ہونے والی یہ کانفرنس اپنی نوعیت کا اہم عالمی ایونٹ ہے جس میں نوبل انعام حاصل کرنے والی 20 شخصیات کے علاوہ 100 ممتاز دانشور، سیاست دان اور سماجی ماہرین بھی شرکت کریں گے۔عرب ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کی العلا گورنری میں رائل کمیشن کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ نوبل انعام حاصل کرنے والی عالمی شخصیات کی کانفرنس المرایا ہال میں منعقد ہوگی۔اس سال کانفرنس کا” مرکزی خیال علوم کی منتقلی ایک مشترکہ ورثہ“ قرار دیا گیا ہے۔ کانفرنس میں ہزاروں سالوں سے مختلف ثقافتوں، تہذیبوں اور علوم کی منتقلی میں العلا کے تاریخی کردار اور بنیادی انسانی اصولوں پر روشنی ڈالی جائے گی۔کانفرنس کے شرکاءمیں نوبل امن انعام یافتہ، پولینڈ کے سابق صدر لیخ ویلسا، شمالی آئرلینڈ کے لارڈ ڈیوڈ ٹرمبل اور گرامین بینک بنگلہ دیش کے بانی پروفیسر محمد یونس شامل ہوں گے۔کانفرنس کے نمایاں شرکاءاور مقررین میں اردن کے تاریخی مقام ”پیٹرا“ کے تحفظ کے لیے قومی سوسائٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سربراہ شہزادی ڈیانا فیراس شامل ہوں گی۔ انہوں نے نوبل انعام یافتہ افراد کی آخری کانفرنس کی میزبانی کی تھی۔ اقوام متحدہ کے تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) کی ڈائریکٹر جنرل آڈری ایزولے بھی اس کانفرنس میں شریک ہوں گی۔کانفرنس میں اتحاد، بین الاقوامی تعاون، جدت اور استحکام، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور مستقبل کے لیے مشترکہ نقطہ نظر کی تعمیر سے متعلق اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس کانفرنس کا مقصد تعلیم، صحت، زراعت اور اقتصادیات کے مستقبل کے حوالے سے واضح اور موثر حل فراہم کرنا ہے۔یاد رہے کہ نوبل انعام یافتگان کی کانفرنس 2004ءسے باقاعدگی سے منعقد کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں