قاری عثمان اور مولانا سلیم اللہ کی صحت یابی پر پرتکلف ظہرانہ

کراچی ( نوائے وقت نیوز)ممتاز عالم دین مولانا جعفر حسن تھانوی نے جمعیت علماء اسلام کے رہنماؤں قاری محمد عثمان اور مولانا سلیم اللہ خان ترک کی طویل بیماری کے بعد صحت یابی کی خوشی میں پر تکلف ظہرانے کا اہتمام کیا ۔میزبان نے مرکزی جمعیت اہل حدیث کے صوبائی صدر مفتی محمد یوسف قصوری، جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر مولانا عبدالکریم عابد، ممتاز شیعہ عالم دین علامہ قرۃ العین ،مولانا عطاء الرحمن مدنی، مفتی عطاء الرحمن قریشی اور دیگر احباب کو خاص طور پر مدعو کیا تھا۔ یہ دعوت کراچی میں مختلف مکاتب فکر کو قریب لانے میں سنگ میل ثابت ہوگی ۔علامہ قرۃ العین نے اپنی مختصر گفتگو میں عمران خان کے ان ریمارکس کی شدید الفاظ میں مذمت کی جن میں انہوں نے جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر مولانا فضل الرحمن کی شان میں گستاخی کرتے ہوئے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کو عالم دین کہنا دین کی توہین ہے تمام علماء کرام نے فردا فردا عمران خان کے ان ریمارکس کو علم دین کی توہین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر عمران خان پاکستان کے وزیر اعظم ہیں تو یہ زبان قطعی طور پر کسی ملک کے وزیر اعظم کی نہیں ہو سکتی ۔عمران خان کی حیثیت ہی نہیںکہ وہ اس لیول پر آکر گفتگو کرے۔ مولانا فضل الرحمن باقاعدہ ملک کی سب سے بڑی دینی یونیورسٹی جامعہ دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ کے فارغ التحصیل اور شیخ الحدیث مولانا عبدالحق ؒ سمیت ملک کے نامور علماء کرام کے شاگرد اور مفتی اعظم پاکستان مفکر اسلام مولانا مفتی محمودؒ کے صاحبزادے ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے لاکھوں علماء کرام کے باضابطہ شرعی امیر ہیں۔

ای پیپر دی نیشن