ٹائیفائیڈ مہم نسل نو کی صحت کی ضامن ہوگی:سردارالفریدظفر

Jan 31, 2021

لاہور(نیوزرپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی ہدایت پر انسداد ٹائیفائیڈ مہم نئی نسل کی صحت کی ضامن ہو گی۔ پاکستان خطے کا پہلا ملک بن گیاہے جس میں عالمی ادارہ صحت کی گائیڈلائنز کے مطابق ٹائیفائیڈ ویکسین متعارف کروائی جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یکم تا 15فروری تک جاری رہنے والی ٹائیفائیڈ حفاظتی ٹیکوں کی مہم کی کامیابی کیلئے نرسنگ کالج جنرل ہسپتال کی طالبات سمیت 100تربیت یافتہ پیرا میڈکس حصہ لیں گے جو محکمہ صحت کے تیار کردہ پلان کی روشنی میں ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں قائم کاؤنٹر زکے علاوہ نشتر ٹاؤن کی مختلف یونین کونسلز میں بچوں کو گھر گھر جا کر انجیکشن لگائیں گے۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس بات کو یقینی بنا ئیں کہ والدین کے ساتھ آنے والا کوئی بچہ ٹائیفائیڈ ویکسین سے محروم نہ رہے۔جائزہ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق، پرنسپل نرسنگ کالج اظہرہ سلطانہ،ڈاکٹر جعفر شاہ،ڈاکٹر عبدالعزیز اور انچارج ای پی آئی شنیلہ کومل و دیگر بھی موجود تھے۔میڈیا سے گفتگو میں پرنسپل پی جی ایم آئی پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ اس مہم کے دوران 9ماہ سے 15سال تک عمر کے بچوں کو ٹائیفائیڈ ویکسین لگائی جائیں گی اور آئندہ سال سے بچوں کے پیدائشی ٹیکوں کے کورس میں شامل کر دی جائے گی۔

مزیدخبریں