اسلام آباد (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) قومی سلامتی کے مشیر معید یوسف نے افغان وزیر آئی ٹی سے ملاقات کی۔ ملاقاتوں میں سرحدی کراسنگ پوائنٹس پر سہولتوں کو بڑھانے کے لیے قومی سطح پر رابطہ کاری کا طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے بارٹر ٹریڈ شروع کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ جس کے لیے فوری طور پر کام کیا جائے گا۔ فریقین نے رابطے کے تین بڑے منصوبوں، کاسا-1000، تاپی اور ٹرانس افغان ریل منصوبے کی جلد تکمیل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں ممالک میں امن و استحکام کو یقینی بنانے کے اپنے عزم پر زور دیا۔ معید یوسف نے پرتپاک مہمان نوازی پر عبوری افغان حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ معید یوسف اور مولوی نجیب اللہ نے ٹیکنالوجی‘ دو طرفہ تعلقات اور تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ مولوی نجیب اللہ نے کہا کہ دنیا اور پڑوسی ممالک انفراسٹرکچر منصوبوں کی تکمیل میں تعاون کریں۔ پاکستان فائبر کیبل سے منسلک ہونے میں دلچسپی لے تو دونوں کیلئے مؤثر ہوگا۔ پاکستان فائبر کیبل کے ذریعے یورپ تک ٹرانزٹ حاصل کر سکے گا اور جنوبی‘ وسط ایشیاء سے انٹرنیٹ شعبے میں منسلک ہو جائے گا۔ افغان حکومت اعلامیہ کے مطابق فریقین نے مشترکہ تکنیکی ٹیم کے قیام پر اتفاق کیا۔ تکنیکی ٹیم مستقبل میں متعلقہ موضوعات پر بحث کرے گی۔
پاکستان افغانستان کا کراسنگ پوائنٹس پر سہولتیں بڑھانے، بارٹر ٹریڈ پر اتفاق
Jan 31, 2022