لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے ہمیشہ قومی اتحاد اور یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ موجودہ حالات کو پس پشت ڈال کراپوزیشن نے منفی سیاست کی اور اپنی ساکھ کو تباہ کیا۔ پاکستان کو اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے۔ ملک کو اتحاد کے ذریعے ہی آگے لے جایا جاسکتا ہے۔ وطن کی مٹی ہم سے ذاتی اختلافات چھوڑ کر ایک ہونے کا تقاضہ کررہی ہے۔بد قسمتی سے اپوزیشن قومی یکجہتی کے منافی ایجنڈا لے کر چل رہی ہے۔ اپوزیشن صرف انتشار پھیلا کر ترقی کے سفر کو روکنے کے درپے ہے۔انہیں پتہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کی حمایت حاصل ہے اور 2023 کے بعد بھی عوام کی حمایت سے تحریک انصاف دوبارہ اقتدارمیں آئے گی۔ وزیراعظم عمران خان ملک کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز کا پامردی سے مقابلہ کررہے ہیں۔ وزیراعظم کی قیادت میں ترقی کے جاری سفر میں کسی کو حائل نہیں ہونے دیں گے۔ بد قسمتی سے پی ڈی ایم نے قومی مفادات کو بالائے طاق رکھا ہواہے۔ حکومت کو اپوزیشن سے کوئی خطرہ نہیں۔ووٹ کو عزت دو کا کھوکھلا نعرہ اپنی موت آپ مرچکا ہے۔ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے اور ساڑھے 3 برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے بخار کی میڈیسن کی قلت کے حوالے سے میڈیا پر نشر ہونے والی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کر لی ہے اور حکم دیا ہے کہ بخار کی دواکی میڈیکل سٹورز پر دستیابی یقینی بنائی جائے اور محکمہ صحت میڈیسن کی دستیابی یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کرے۔ مینوفیکچرز سے رابطہ کر کے میڈیسن کی پروڈکشن بڑھائی جائے۔