سرینگر، اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک، نامہ نگار، اے پی پی)کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی فوج نے پلوامہ اور بڈگام میں 5 کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا۔ ریاستی دہشت گردی جاری ہے۔ کے ایم ایس کے مطابق پلوامہ کے علاقے نائیر میں 4 جبکہ بڈگام کے علاقے چرار شریف میں ایک کشمیری کو شہید کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق قابض بھارتی فوج نے پانچوں نوجوانوں کو محاصرے کی آڑ میں شہید کیا۔ علاقوں کے راستے بند، موبائل انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی گئی۔ قابض حکام کے ہاتھوں بے گھر ہونے والے گجر اور بکروال خاندانوں کے افراد کئی ہفتوں سے جموں کے علاقے روپ نگر میں احتجاجی دھرنا دے رہے ہیں۔ غیر قانونی طور پر نظر بند کل جماعتی حریت کانفرنس کے وائس چیئرمین شبیر احمد شاہ نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے کشمیر کے طول وعرض میں جاری قتل وغارت پر اپنی شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں 5کشمیریوں کی ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارتی افواج کے بین الاقوامی احتساب کے اپنے مطالبے کا اعادہ کیا ہے۔ ترجمان دفترخارجہ کی طرف سے اتوار کو جاری بیان کے مطابق اپنی دہشت گردی کے بے لگام راج میں، بھارتی قابض افواج نے صرف جنوری کے مہینے میں کم از کم 23کشمیریوں کو جعلی مقابلوں اور نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں میں شہید کیا ہے۔ ترجمان نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی اور غیر انسانی اقدامات، محاصروں اور ماورائے عدالت قتل کے واقعات کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری سے اپنے اس مطالبے کو بھی دوہرایا کہ بھارت کے غیر قانونی طو رپر زیر تسلط جموں و کشمیر میں منظم اور سوچی سمجھی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور انسانی جرائم کی پاداش میں بلا تاخیر جواب طلبی کرے۔
ر یاستی دہشگردی ،5کشمیری شہید:اقوام متحدہ،عالمی برادری بھارت سے جواب طلبی کر ے،پاکستان
Jan 31, 2022