شعبہ توانائی کے چینی منصوبے وزیر اعظم کے ایجنڈا کا حصہ ہوںگے 

لاہور( خصوصی رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان کے دورہ چین کے ایجنڈے کو آج حتمی شکل دی جائے گی۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان 3 فروری سے چین کا دورہ شروع کر رہے ہیں۔ ذمہ دار ذرائع کے مطابق چین سے 3ارب ڈالر کے قرضے اور چھ شعبوں میں سرمایہ کاری کا ایجنڈا زیر غور آئے گا۔ وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت چین کو3 ارب ڈالر قرضے کی درخواست دینے پر غور کر رہی ہے تاکہ زرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کیا جا سکے۔ چین پہلے ہی کمرشل قرضوں اور فارن ایکسچینج ریزرو سپورٹ اقدامات کی شکل میں پاکستان کو 11 ارب ڈالر دے چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ منی بجٹ کے ایسے اقدامات جن سے چینی کمپنیوں اور منصوبوں کی پیداواری لاگت بڑھی ہے وہ بھی زیر بحث آئیں گے۔ اس کے علاوہ توانا ئی کے شعبہ کے چینی منصوبے جنہیں دس سال تک انکم ٹیکس میں مکمل چھوٹ اور پلانٹ، مشینری، خام مال کی ڈیوٹی فری درآمد کی سہولت حاصل ہے، وہ بھی ایجنڈا کا حصہ ہوں گے ۔

ای پیپر دی نیشن