کوئٹہ(بیورورپورٹ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے دو روزہ چھٹی قومی کانگرس کا انعقاد پارٹی کے چیئرمین محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ پارٹی کانگرس میں جنوبی پشتونخوا، خیبر پشتونخوا ، سندھ اور ملک کے دیگر علاقوں سے 1400سے زائد مندوبین اور مبصرین نے شرکت کیں۔ پارٹی کے اس نمائدئندہ قومی کانگرس میں پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنماء اداروں کا انتخاب عمل میں لایا گیااور تنظیمی اور ملک وخطے کے مجموعی صورتحال پر سیر حاصل بحث کی گئی۔100سے زائد پارٹی نمائندوں نے کانگرس میں اظہار خیال کیا اورمکمل اتفاق رائے سے آئندہ کا لائحہ عمل اور پارٹی کی پالیسیوں کی تشکیل سے متعلق فیصلے کیئے گئے ۔کانگرس ہال کو پارٹی کے قومی شہدا اور اکابرین کی تصاویر اورپارٹی بینرز وجھنڈوں سے سجایا گیا تھا۔ مجلس صدارت میں مرکزی کونسل کے اراکین اور صوبائی صدور شامل تھے۔ کارروائی کا آغاز پارٹی ہرنائی کے معمر رہنماء عبداللہ شاہ نے تلاوت کلام پاک سے کیا اورسٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی کے سینئر سیکرٹری خورشید کاکا جی نے سرانجام دیئے۔ پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی نے ملی اتل افغان ملی شہید عثمان خان کاکڑ ،پارٹی کے دیگر شہدا اور مرحوم رہنمائوں کی مغفر ت کیلئے دعا کی اور اپنے افتتاحی خطاب میں پارٹی کے چھٹی قومی کانگرس میں مندوبین اور مبصرین کو بڑی تعداد میں شرکت کرنے پر داد وتحسین پیش کیا۔ انہوںنے پارٹی کے تنظیمی مسائل کے حل کے حوالے سے مرکزی کونسل کے فیصلوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پشتونخوامیپ پشتونخواوطن کے عوام کی نمائندہ قومی پارٹی ہے جس کے صفوں میں پشتونخوا وطن کے انتہائی بہادر اور باصلاحیت فرزاندان شامل ہیں جنہوں نے اپنے پشتون افغان غیور ملت اور اپنے محبوب وطن کی قومی نجات اور سربلندی کی خاطر قابل قدر قربانیاں کیں ہیں۔