کوئٹہ(بیورورپورٹ) ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی و پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ ’’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ پروگرام کے تحت روزانہ 350 لوگوں کو کھانا فراہم کیا جائے گااحساس پروگرام موجودہ حکومت کی طرف سے ملک کے غریب لوگوں کے لئے ایک احساس کی کرن ہے جس سے ہمارے معاشرے کے تمام مستحق لوگ مستفید ہوں گے۔ یہ بات انہوں نے ’’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ پروگرام کے افتتاح کے موقع پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے آج کوئٹہ کے نواحی علاقے نواں کلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام صرف لوگوں کو کھانا کھلانے کے لئے نہیں بلکہ اس کے تحت غریب نوجوانوں کو قرض، غریب و مستحق لوگوں کو علاج معالجے کی سہولت اور یتیم و مساکین کی بحالی اور بے گھر لوگوں کے لئے آسان اقساط پر گھر کی فراہمی بھی ہے۔ انہوں کہا کہ ’’احساس کوئی بھوکا نہ سوئے‘‘ پروگرام وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایات پر غربت کی لکیر سے نیچے رہ جانے والے علاقوں میں شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ جیسی تنظیمیں اس پروگرام کو آگے بڑھانے میں اپنا مثبت کردار ادا کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ کے دیہی علاقوں میں جہاں غریب مزدور بستے ہیں اور مسافروں کی آمدورفت زیادہ ہے ان علاقوں میں سیلانی ویلفیئر ٹرسٹ کے توسط سے 350 غرباء و مساکین میں روزانہ کی بنیاد پر کھانا تقسیم کیا جائے گا۔ اس موقع پر سیلانی ویلفیئر انٹر نیشنل ٹرسٹ کے نمائندے اور محکمہ زکواۃ کے آفیسران بھی موجود تھے۔