لاہور (سٹی رپورٹر) وزیر بلدیات پنجاب میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ محکمہ بلدیات پیدائش،اموات اور دیگر سول رجسٹریشنز کو جدید بنیادوں پر استوار کر رہا ہے اس ضمن میں برتھ اینڈ ڈیتھ رولز 2021ء بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن کی تیاری میں عام شہری کی آسانی اور سہولت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ بہتر منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے لئے درست اعداد و شمارکا حصول خصوصی اہمیت کا حامل ہے۔ درست اعداد و شمار کی بنیاد پر ہونے والی منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی ملکی ترقی اور معیشت کی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ایک سروے کے مطابق پنجاب میں بچوں کی پیدائش کے اندراج کی شرح 75 فیصد ہے اور 25فیصد بچے ابھی بھی ریاست کے ریکارڈ میں شامل نہیں ہیں۔ ان بچوں کو ریاستی ریکارڈ کا حصہ بنانے کے لئے ہمیں ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ میاں محمودالرشید نے مزید کہا کہ ڈیٹا کی شفافیت اور اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے محکمہ بلدیات نے نادرا کے تعاون سے صوبے کی بعض یونین کونسلز میں آن لائن ڈیٹا کی سہولت فراہم کی ہے جبکہ مستقبل میں باقی یونین کونسلز میں یہ سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں پیدائش اور اموات کے اعداد و شمار کو سوفیصد شفاف اور یقینی بنانا لازمی ہے تاکہ یہ اعداد و شمار بہتر منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی میں کام آ سکیں۔ پیدائش اور اموات کے مستند ڈیٹا کے حصول کے حوالے سے عوامی آگہی لازمی امر ہے۔ عوام میں اس حوالے سے شعور اجاگر کر کے رجسٹریشن کی شرح میں خاطرخواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔