لاہور ( سٹی رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و معروف گائناکالوجسٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا کہ دنیا بھر میں تقریباً800ملین خواتین آئرن کی کمی میں مبتلا ہیں جس کے بڑے حصے51فیصد کا تعلق ترقی پذیر ایشیا ئی ممالک سے ہے جبکہ بدقسمتی سے پاکستانی خواتین خون کی کمی کا ایک بڑا ہدف ہیں۔ پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ کم عمری میں شادیاں معقول وقفہ کے بغیر جلد حمل اور غربت کے باعث مناسب خوراک کی عدم دستیابی خواتین میں خون کی کمی کا باعث بنتی ہیں جس سے حاملہ خواتین آنیمیا کا شکار بن جاتی ہیں جس سے نہ صرف اْن کی صحت داؤ پر لگتی ہے بلکہ پیدا ہونے والے بچوں کوجسمانی و ذہنی کمزوری اور معذوری سے بھی دوچار ہونا پڑتا ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ سماجی سطح پر اس حوالے سے بھرپور آگاہی فراہم کی جائے تاکہ مذکورہ مسائل کی روک تھام ممکن ہو سکے۔ ان خیالات کا اظہار پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج و پی جی ایم آئی نے حاملہ خواتین میں خون /آئرن کی کمی کے موضوع پر منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ڈاکٹر عظمیٰ حسین، پروفیسر عالیہ بشیر، پروفیسر عائشہ ملک و دیگر گائنا کالوجسٹس نے لیکچر ز دیتے ہوئے کہا کہ حاملہ خواتین کے لئے صحت مند غذا،وٹامنز اور آئرن کی کمی دور کرنے کے لئے فولک ایسڈ ٹیبلٹ دینا ضروری ہے۔اس موقع پر ڈاکٹر شبنم، ڈاکٹر سائرہ، ڈاکٹر ثمینہ، ڈاکٹر فرخ،ڈاکٹر مہوش، ڈاکٹر رضوانہ سمیت گائنالوجسٹس کی بڑی تعداد موجود تھی۔
دنیا بھر میں تقریباً800ملین خواتین آئرن کی کمی کا شکار ہیں،پروفیسر ڈاکٹرمحمد الفرید ظفر
Jan 31, 2022