کراچی (سٹی نیوز )پاک امن ویلفیئر ایسوسی ایشن کے چیئرمین سعید احمدبیگ نے کہاہے کہ عوام کے دکھوں اور مشکلات وپریشانیوں کا مداوا صرف اور صرف نظام خلاف راشدہ میں مضمر ہے، بانیء خلافت راشدہ حضرت سیدناصدیق اکبر ؓ نے مدینے میں حقیقی اسلامی ریاست قائم کرکے دنیامیں بہترین طرزحکمرانی کی مثال قائم کی،آپؓ کے بنائے ہوئے اصول آج بھی جاری وساری ہیں جن سے مختلف ممالک مستفید ہورہے ہیں لیکن اسلامی ممالک کے حکمران غیروں کی طرز پر حکمرانی کرنے میں فخر محسوس کرتے ہیں ،حقیقت یہی ہے کہ نام نہاد مسلم حکمران امت مسلمہ کی ترجمانی میں مکمل طورپر ناکام ہوچکے ہیں۔یہ باتیں انہوں نے متحدہ ختم نبوت فورم کی جانب سے ہیومن ہیلپ ویلفیئر ٹرسٹ کے زیراہتمام ایچ ایچ اسلامک اسکول گلشن سرجانی میں علماء مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزادہ احمدعمران نقشبندی مرشدی کے زیرصدارت منعقدہ شان سید ناصدیق اکبر ؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔کانفرنس سے خطاب میں مہمان خصوصی جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماعلامہ خلیل احمدنورانی،صاحبزادہ غلام صدیق ہادیہ نقشبندی، متحدہ ختم نبوت فورم پاکستاان کے بانی سیکریٹری جنرل فقیر ملک محمدشکیل قاسمی،میزبان علامہ مفتی محمدحفیظ اللہ ہادیہ صدیقی ودیگر نے خلیفہء بلافصل حضرت سیدناصدیق اکبر ؓ کے مناقب وفضائل بیان کرتے ہوئے فی زمانہ اسلامی ممالک میں نظام خلافت راشدہ کے قیام کی ضرورت پر زوردیاگیا۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کا مقدر صرف اور صرف نظام مصطفیٰ ﷺ کا نفاذ ہے اور اسلامیان پاکستان اس ملک میں نظام مصطفیٰ ﷺ قائم کرکے دم لیں گے۔کانفرنس میں ممتازعالم دین علامہ عارف اویسی، علامہ قاری کلیم اللہ نقشبندی، علامہ صدیق قادری، محمدخالد ہادیہ ودیگر شخصیات نے بھی شرکت کی، جبکہ معروف ثناء خواں محمدفیضان قادری نے ہدیہء نعت ومنقبت پیش کیا۔
سعید بیگ
حضرت صدیق اکبرؓ نے دنیامیں بہترین طرزحکمرانی کی مثال قائم کی،سعید بیگ
Jan 31, 2022