اسلام آباد(خبر نگار) اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سنیئر نائب صدر جمشید اختر شیخ نے کہاہے کہ حکومت کے بقول معیشت5فیصد سے اوپر گروتھ کررہی ہے تو اس کے اثرات عام آدمی کی زندگی پر کیوں مرتب نہیں ہو رہے ؟ جب تک ہم حقیقت پسندانہ رویہ نہیں اپنائیںگے ہماری مشکلات ختم ہوسکتی ہیں اور نہ ہی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکتی ہے،بڑھتی ہوئی مہنگائی اور سیاسی واقتصادی عدم استحکام کی وجہ سے عوام پریشان اور ملکی مستقبل دائو پر لگا ہواہے، ملکی معیشت کو اب بھی بھرپورتوجہ نہ دی گئی تو ہم مٹ جائیں گے، اقتصادی استحکام کو قومی سلامتی کا بنیادی عنصر ہے جس کیلئے ہر ممکن کوشش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین اور وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کے مطابق کوروناوباء کے باوجود انڈسٹری 5فیصد سے اوپر گروتھ کررہی ہے جبکہ دوسری جانب وزیر توانائی کا موقف ہے کہ مہنگائی بڑھنے سے تاجروں اور صنعتکاروں کو فائدہ ہواہے، بتایاجائے جب مہنگائی اور بیروزگاری سے عوام کی قوت خرید ہی نہیں رہے گی تو تاجروں کو کیسے فائدہ ہوسکتاہے،حالیہ سالوں میں کاروبارمیں شدید مندی کا رجحان غالب رہا اور ایک اندازے کے مطابق کاروبار میں30سے40 فیصد تک کمی کاتسلسل رہاہے جبکہ اس دوران یوٹیلیٹی بلز کی قیمتوں میں بھی کئی گنا اضافہ ہوگیااور ایک بار پھر کیاجارہاہے۔