کرونا کے باعث عالمی سطح پر616ملین بچوں کی تعلیم کاحرج ہوا، افضل بابر

اسلام آباد(نا مہ نگار)کرونا وبا کی وجہ سے عالمی سطح پر616ملین بچوں کی تعلیم کاحرج ہونا ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ بچوں کے عالمی ادارے یونیسف کی حالیہ رپورٹ ہم سب کی آنکھیں کھولنے کیلئے کافی ہے۔ان خیالات کا اظہار پاکستان سکولز نیٹ ورک(ٹرسٹ)کے چئیر مین ڈاکٹرمحمد افضل بابر نے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی سالانہ میٹنگ میں کیا۔
 انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں بچوں کی تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا گیا جبکہ ہم نے ایسے ناکام تجربات کا سہارا لیا جس کی وجہ صرف بورڈ کی سطح پر 15ملین طلبہ کے ساتھ کھلواڑ ہوا۔ آج ہمارے نصاب، کتاب، امتحان اور لرننگ سٹینڈرڈ زکے جھگڑے ختم ہونے کا نام نہیں لے رہے۔ اس نقصان کا اصل علم اس وقت ہوگا جب یہ طلبہ جامعات میں پہنچیں گے۔افضل بابر نے ٹرسٹ کے تمام بورڈ آف ڈائریکٹرز کو پابند بنایا کہ اس سال وہ طلبہ کے تعلیمی نقصان کو اپنا نصب العین بناکر نصابی، ہم نصابی اور تربیتی سرگرمیوں کا جامع شیڈول جاری کریں۔ انہوں نے ٹرسٹ کی پہلی سالانہ رپورٹ کو سراہتے ہوئے سیکرٹری مقبول حسین ڈاراور سعید الرحمن طاہر کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن