اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے درمیان جدید سہولتوں سے آراستہ بچوں کا ایمرجنسی روم قائم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت طے پاگئی ہے۔ یہ ایمرجنسی روم چوبیس گھنٹوں کی بنیاد پر بچوں کو بلامعاوضہ ایمرجنسی طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔ مفاہمت کی یادداشت پر چیئرمین بورڈ آف گورنرز ایف ایم ٹی آئی پمز ڈاکٹر عابد ملک اور چائلڈ لائف فاؤنڈیشن کے چیئرمین اقبال آدم جی نے اپنے اداروں کی جانب سے دستخط کیے، اس موقع پر ڈاکٹر عابد ملک نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ یہ شراکت داری وفاقی علاقے میں بچوں کے لیے طبی سہولتوں کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا پراجیکٹ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکلز سائنسز (پمز) میں آنے والے ان مریض بچوں کو اعلیٰ معیار کی طبی ایمرجنسی کی سہولت فراہم کرنے کا ذریعہ بنے گا جو اسلام آباد کے ساتھ پنجاب، کے پی کے اور گلگت بلتستان سے آنے والے سہولتوں سے محروم طبقات کی طبی ضروریات پوری کرتا ہے۔ پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں قائم ہونے والی یہ 12 واں ایمرجنسی روم ہے جس کی تکمیل سے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں بچوں کو ایمرجنسی طبی سہولتیں فراہم کرنے کی گنجائش دگنی ہوجائیگی جہاں بین الاقوامی پروٹوکول کے مطابق بلا معاوضہ ایمرجنسی طبی خدمات فراہم کی جائیں گی۔