غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جمو ں و کشمیر میںضلعبانڈی پورہ میں سوناواری کا علاقہ کنیاری گزشتہ 70 سال سے بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کنیاری کے رہائشیوں نے ایک مقامی نیوز چینل سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس نہ کوئی سڑک ہے، نہ بجلی اور نہ پانی کا کنکشن۔ جب بھی ہم بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لیے متعلقہ محکموں سے رجوع کرتے ہیں تو ہم سے کہا جاتا ہے کہ پہلے” کوئی اعتراض نہیں“ سرٹیفکیٹ (این او سی) حاصل کریں۔ کئی مواقع پر ہمیں بتایا گیا کہ ہم اس جگہ کے رہنے والے نہیں ہیں۔انہوں نے کہاکہ جب شاہ فیصل ڈی سی بانڈی پورہ تھے تو انہوں نے ہمارے گاوں کا دورہ کیا تھا اور متعلقہ افسروں کو ہمیں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ یہاں تک کہ موجودہ ڈی سی بانڈی پورہ نے بھی عہدیداروں کو ہمارے علاقے کے لئے” این او سی“ جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ لیکن سرکاری اہلکار ہمیں صرف ایک جگہ سے دوسری جگہ دوڑاتے ہیں اور ہماری مشکلات کو کم کرنے کے لیے کچھ نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ایسا لگتا ہے کہ انتظامیہ کے نزدیک ہماری کوئی حیثیت نہیں۔ لوگوں نے کہاکہ سابقہ حکومتوں میں سے کسی نے بھی ہمارے لیے کچھ نہیں کیا۔