ریاض(این این آئی )مواصلاتی ویب سائٹس پر گردش کرنے والی ایک ویڈیو نے دیکھنے والوں کو خوفزدہ کرکے رکھ دیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سعودی عرب میں جازان کے علاقے میں الریث گورنری میں مرکز الجبل الاسود روڈ پر پہاڑ ٹوٹ پھوٹ کر گرتا جارہا ہے۔
سڑک پر ٹریفک بھی چل رہی تھی تاہم پہاڑ سے گرنے والے تودوں اور مٹی کے باعث گاڑیاں کھڑی ہوگئیں۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گاڑیاں مٹی کے تودے گرنے کے مقام کے بالکل قریب پہنچ گئی تھیں تاہم وہ محفوظ رہیں۔پہاڑ کی واحد مرکزی سڑک ہونے کی وجہ سے اس سڑک پر 24 گھنٹے ٹریفک رواں دواں رہتی ہے۔ پہاڑ کے گرنے سے یہ سڑک الگ ہو جائے گی اور دیہاتوں اور الریث جانے کے لیے صرف ناہموار اور پتھریلے راستے باقی رہ جائیں گے۔خیال رہے کہ پہاڑ ٹوٹ کر گرنے کے کا واقعہ ایک طویل عرصے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس علاقے کے مکینوں نے گرنے والے ملبے کو ہٹانے کی اپیل کی اور اس مسئلے کے مستقل حل کا انتظام کرنے کا بھی کہا۔سوشل میڈیا صارفین کی بڑی تعداد نے الریث گورنری میں چٹانوں کے کھسکنے اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے آخری لمحات میں زندہ بچ جانے والے اس ویڈیو کلپ کو بڑے پیمانے پر شیئر کیا۔ صارفین نے کوئی جانی نقصان نہ ہونے پر بات پر اللہ کا شکر ادا کیا۔