شیخوپورہ/ چناب نگر/ سمبڑیال (نمائندہ نوائے وقت‘ نامہ نگار خصوصی) پٹرول نایاب‘ شہری خوار ہو گئے۔ حکمرانوں نے غریبوں سے جینے کا حق چھین لیا۔ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث موجودہ دور ملکی تاریخ کا سیاہ دور ہے۔ ملکی کرنسی روز بروز کمزور اور ڈالر کی اُڑان سے ملک میں مہنگائی کا نیا طوفان آ گیا۔ مہنگائی، بے روزگار ی میں اضافہ شدت اختیار کر گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے ضلعی نائب ذوالفقار علی شاہ اور مہر نواز سپراء نے کہا کہ اقتدار کے لالچ میں مفاد پرست سیاستدانوں نے ملکی معیشت کا پہیہ جام کر دیا اور ملک کو شدید بحرانوں میں مبتلا کر دیا۔ ملک میں فوری انتخابات ہونے چاہیں۔ جماعت اسلامی غریب عوام کے حقوق کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔ شیخوپورہ میں قائم متعدد آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے پٹرول کی مطلوبہ تعدا د میں سپلائی پھر بند کر دی ہے اور مارکیٹنگ کمپنیاں حکومت کی طرف سے ایل سیز نہ کھلنے کا بہانہ بنا رہی ہیں جبکہ شیخوپورہ کے علاقہ ماچھیکے میں موجود آئل ڈپوئوں میں بھاری مقدار میں پٹرول موجود ہے۔ ذرائع کے مطابق یکم فروری کو پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کی خبریں سوشل میڈیا پر چل رہی ہیں۔ شہر کے متعدد پٹرول پمپوں میں کسٹمر کو مطلوبہ تعداد کے مطابق پٹرول نہیں دیا جا رہا۔ شہری حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان، وزیر پٹرولیم، چیئرمین اوگرا کو آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔