فواد کی گرفتاری کے خلاف شیخوپورہ، نواں کوٹ میں مظاہرے 

Jan 31, 2023


شیخوپورہ نواں کوٹ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) شیخوپورہ اور نواں کوٹ میں سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری اور مرکزی ترجمان فرخ حبیب پر ہونے والی ایف آئی آر کیخلاف مظاہرے کئے گئے۔ نواں کوٹ میں چودھری تنویر احمد ورک کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کے بعد قافلہ لاہور میں زمان پارک کیلئے روانہ ہوا۔ اس موقع پر ضلعی صدر عمر آفتا ب ڈھلوں ودیگر بھی ہمراہ تھے۔ روانگی سے قبل چوہدری تنویر احمد ورک نے فرخ حبیب کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقدمے میں بندوق بردار اہلکاروں سے ڈکیتی کی کوشش کا متن انتہائی مضحکہ خیز اور بھونڈا ہے، امپورٹد حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں اور بوکھلاہٹ سے واضح ہے کہ ان کی سیاست کا چراغ بجھنے کے قریب ہے۔ فواد چودھری کی گرفتاری کیخلاف شیخوپورہ میں گذشتہ را ت احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت تحریک انصاف کے سابق تحصیل صدر چودھری محمد اقبال گوپے را، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چودھری یاسر اقبال گوپے را نے کی۔ اس موقع پر کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ احتجاجی مظاہرہ کے بعد کارکنان یاسر اقبال گوپے را کی قیادت میں زمان پارک لاہور روانہ ہوگئے جنہوں نے عمران خان اور فواد چودھری کے حق میں نعرے بازی کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چودھری یاسر اقبال گوپے رانے کہا کہ حکمرانوں کا اصل ٹارگٹ عمران خان ہے اور انہوں نے اگر عمران خان کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی تو یہ ملک وقوم کیلئے نیک شگون نہ ہوگا۔ طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ کی قیادت میں سابق کونسلر چودھری عبدالخالق سندھو کے ڈیرہ کے باہر فواد چودھری کی گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سابق کونسلر ملک امجد سعید بلوچ، مرزا سعید اکبر بیگ، ملک وقار یونس اعوان سمیت شیخ ظہیر احمد، شیخ حماد حسن ، محمد بلال سیال، میاں محمود احمد، رانا کاشف محمود سمیت دیگر نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹر چودھری طیاب راشد سندھو ایڈووکیٹ نے کہاکہ فواد ملکی مفاد میں اپنا تن، من، دھن قربان کرنے کو تیار ہے مگر وہ کرپٹ حکمرانوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکے گا اور نہ ہی اس سے عمران خان کی تحریک کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔
فواد، مظاہرے

مزیدخبریں