لاہور(نیوز رپورٹر) وزیرِ مواصلات، ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول بلال افضل نے کہا ہے کہ نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری اولین ترجیح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ میں بلیوارڈ پر کلمہ چوک ریماڈلنگ منصوبے کے دورے کے موقع پر کیا۔ انہوں نے سی بی ڈی پنجاب کی انتظامیہ کو منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ نگران وزیر بلال افضل نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کام کے حوالے سے پیشرفت کا جائزہ لیا، اور کام کی رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ٹیکنیکل سی بی ڈی پنجاب ریاض حسین نے تعمیراتی کام کی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔ بلال افضل نے واسا اور لیسکو تنصیبات کی منتقلی کا کام جلد مکمل کرنے، کھدائی والی جگہوں پر حفاظتی انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے تمام متعلقہ محکموں کو ملکر کام کرنا ہے۔ بلال افضل نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی اکیس سو میں سے دو ہزار پائلز مکمل کر لی گئی ہیں۔ انڈر پاس کی چھت پر بھی کام جلد مکمل ہو جائے گا۔ بلال افضل نے یہ بھی بتایا کہ ٹریفک کی روانی یقینی بنانے سمیت ٹریفک کے دیگر مسائل کے حل کے لئے سی بی ڈی پنجاب انتظامیہ اور سٹی ٹریفک پولیس ملکر کام کر رہے ہیں۔