لاہور(خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے پشاور میں خود کش حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پشاور بم دھماکہ غیر انسانی، گھنائونا اور انتہائی قابل مذمت ہے۔پشاور مسجد میں خودکش دھماکہ ملک دشمن عناصر کی کارستانی ہے۔ہندوستان نہیں چاہتاکہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے۔ اس لیے وہ دہشت گردی کے ذریعے خوف وہراس پھیلانا چاہتاہے اور دنیا کو یہ تاثر دینا چاہتا ہے پاکستان امن وامان کے لحاظ سے ایک غیر محفوظ ملک ہے۔ حکومت پاکستان سانحہ پشاور کی جلد اور ہر پہلو سے تحقیقات کرتے ہوئے ملوث افراد اور ان کے آلہ کاروں کوانصاف کے کٹہرے میں لائے۔ پاکستان میں بدامنی پھیلانے والی قوتیں کبھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گی۔ محمد جاوید قصوری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متاثرین کو مالی وطبی امداد دے۔دہشت گردی سے جہاں ایک طرف ملک وقوم کاامیج خراب ہورہا ہے تودوسری طرف عوام اپنے پیاروں کے جنازے اٹھااٹھا کر تھک چکے ہیں۔پائیدار امن کے لیے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیتے ہوئے ملک سے رائ،موساد اور سی آئی اے کے نیٹ ورک کاقلع قمع کرنا ہوگا۔
پشاور بم دھماکہ غیر انسانی، گھنائونا ، انتہائی قابل مذمت ہے:جاوید قصوری
Jan 31, 2023