لاہور(نامہ نگار)نئے تعینات ہونے والے سی ٹی او لاہور ڈاکٹر کیپٹن(ر) مستنصر فیروز نے کہا ہے کہ ٹریفک کی روانی اور پولیس سروسز کی دستیابی اولین ترجیحات ہوں گی۔لاہور میں قانون شکنی کی کوئی گنجائش نہیں، شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ٹریفک قوانین پر ہرصورت عملدرآمد کروایا جائے گا، وارڈنز کے رویوں میں مزید اور واضح مثبت تبدیلی واضح نظر آئے گی۔ان خیالات کااظہارانہوں نے گزشتہ روز چارج سنبھالنے کے بعدپریس کانفرنس کے دوران میں ٹریفک کی روانی کے لئے اپنی ترجیحات بارے آگاہ کرتے ہوئے کیا۔ کیپٹن(ر) مستنصر فیروز نکا کہنا تھا کہ شہر لاہور کی آبادی لگ بھگ دو کروڑ کے قریب پہنچ چکی ہے اور لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 72 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے جبکہ 70 فیصد سے زائد ڈرائیورز کے پاس ڈرائیونگ لائسنس کا نہ ہونا لمحہ فکریہ ہے۔ نئے ڈرائیونگ لائسنسنگ سینٹر بنائیں گے جبکہ ہیلمٹ مہم ایک ہفتے کے لئے دوبارہ شروع کی جارہی ہے۔ شہریوں کی قیمتی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے گا۔سی ٹی او لاہور نے اپنی ترجیحات کے حوالے سے افسران کو واضح پیغام دیاکہ کرپشن، مس کنڈکٹ اور فرائض میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس ہے، تجاوزات،غلط پارکنگ اور غیر قانونی پارکنگ اسٹینڈز قطعی برداشت نہیں ہوں گے۔ غیر حاضری، بدتمیزی اور فرائض میں عدم دلچسپی کسی صورت برداشت نہیں، خوش اخلاقی سے پیش آنا ہمارا اولین فرض ہے۔ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد نہ کروانا حادثات کا سبب بنتا ہے۔ وارڈنز ایمانداری اور محنت سے کام جاری رکھیں۔ٹریفک پولیس لاہور پولیس کا چہرہ ہے۔ وارڈنز پولیس کے سفیر ہیں، خوش اخلاقی اور صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔سی ٹی او لاہور نے سرویلنس سسٹم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سیف سٹی کیمروں کی مدد سے بھی وارڈنز کی سپرویژن کی جائے گی۔ٹیم ورک سے ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہوگا جبکہ ٹریفک قوانین پر سو فیصد عملدرآمد کروایا جائے گا۔